15 November, 2026


تازہ ترین معلومات


دنیا کا ہر علم قرآن مجید میں ہے اور ہمیں حکم ہے کہ ان علوم وفنون سے فیض یاب ہوں۔ (علامہ فروغ القادری، برطانیہ)

(مبارک پور) ۱۲؍ نومبر سالانہ عرس حافظ ملت علیہ الرحمہ کی دوسری اور آخری شب کا اجلاس عام اور جلسہ دستار بندی بعد نماز عشا قاری فرقان احمد کی تلاوتِ قرآن مجید سے شروع ہوا۔ جس میں تاحد نگاہ سامعین وزائرین کا ہجوم تھا اور قوم وملت کا اعلیٰ دماغ یہاں موجود تھا، کئی بڑی خانقاہوں کے سجادگان اور ملک وبیرون ملک کے مشہور ومقبول علما وخطبا اور فرزندان اشرفیہ نے بطورِ خاص شرکت فرمائی۔ ان میں شہزادۂ احسن العلماء سید شاہ نجیب حیدر برکاتی، مارہرہ مطہرہ، شہزادۂ رئیس الاتقیاء مولانا سید سالار مصباحی بلگرامی، حضرت سید شاہ لئیق میاں سنڈیلوی، مولانا منان رضا خاں بریلوی اور مفتی شفیق الرحمٰن عزیزی، ہالینڈ وغیرہم کے اسما قابل ذکر ہیں۔ اجلاس عام میں مولانا تنظیم رضا چھراوی، مولانا مسیر الاسلام، مولانا محمد شہباز القادری، مولانا حامد میاں، مولانا عطاء المصطفیٰ، مولانا حسن نوری گونڈوی، مولانا منظور احمد خاں عزیزی، مولانا کمال مصطفیٰ ازہری، مولانا حافظ اللہ بخش، مولانا محمد ہاشم کان پوری، حضرت سید نجیب حیدر برکاتی، مولانا فروغ القادری، لندن اور خطیب الہند مولانا حافظ عبید اللہ خاں اعظمی نے مختلف موضوعات پر تقریریں کیں اور سامعین کو اپنے دین پر قائم رہنے، علوم وفنون حاصل کرنے، جدید نسل کو دین پر قائم رکھنے، مسجدوں کو آباد رکھنے اور دانش گاہوں کی تعمیر وترقی میں قربانی پیش کرنے کی تلقین فرمائی۔ شہزادۂ احسن العلماء نے فرمایا کہ اشرفیہ کے لیے خانقاہ برکاتیہ کے افراد خون دینے کو تیار ہیں، یہ صرف زبانی جمع خرچ نہیں ہے، خانقاہ کے پاس مضبوط زبان بھی ہے اور قلم بھی، اشرفیہ ترقی کرتا رہے گا ان شاء اللہ۔ مولانا فروغ القادری نے اسلامی دنیا میں حافظ ملت کی قربانیوں کے اثرات پر گفتگو فرمائی اور بین الاقوامی سطح پر فرزندانِ اشرفیہ کے کارناموں کی ستائش کی۔ انھوں نے یہ بھی فرمایا کہ قرآن مجید میں دنیا کا ہر علم موجود ہے اور عالمی طاقتیں قرآن کے سمندر میں غواصی کرکے علم وفن کے موتیوں کو تلاش کرنے پر اپنا بڑا سرمایہ خرچ کر رہی ہیں، جب کہ یہ کام ہمارا تھا اس لیے ہمیں بڑا سرمایہ علوم وفنون میں تحقیق اور بلند فکروں کی تشکیل میں خرچ کرنا ہوگا تبھی ہم ہر میدان کے فاتح بن سکتے ہیں اور دنیا میں ترقی کا خواب دیکھنا ممکن ہوگا۔ مولانا عبید اللہ خاں اعظمی نے اشرفیہ اور دیگر اسلامی دانش گاہوں کی اہمیت وضرورت سے سامعین کو آگاہ کیا اور مسلم نوجوانوں کو دینی وعصری علوم وفنون میں ماہر ہونے اور سیاسی میدان میں آگےبڑھنے کی تلقین کی۔ نبیرۂ حافظ ملت مولانا محمد نعیم الدین عزیزی نے علما ومشایخ اور زائرین عرس کا شکریہ ادا کیا اور اس سال حافظ ملت ایوارڈ اور اشرفیہ ایوارڈ کے ناموں کا اعلان کیا۔ تنظیم ابناے اشرفیہ کا حافظ ملت ایوارڈ فقیہ النفس مفتی محمد مطیع الرحمن رضوی، مظفر پور اور مولانا محمد محسن مصباحی برطانیہ کو ان کی دینی، علمی ، تنظیمی اور تعلیمی خدمات کے اعتراف میں سربراہ اعلیٰ علامہ شاہ عبدالحفیظ عزیزی اور شہزادۂ احسن العلماء کے ہاتھوں دیا گیا۔ اشرفیہ ایوارڈ الحاج شفیق احمد برطانیہ، مولانا منظور احمد عزیزی، سلطان پور، مولانا حافظ اللہ بخش راجستھان، مولانا فروغ القادری برطانیہ، الحاج شاکر علی عزیزی اور مولانا ڈاکٹر غلام زرقانی قادری، امریکہ کی خدمت میں پیش کیا گیا۔ تقریباً بارہ بجے قل شریف ہوا، شجرہ خوانی اور جانشین حافظ ملت کی خصوصی دعا ہوئی، اسی وقت صدر العلماء علامہ محمد احمد مصباحی اور علامہ عبدالمبین نعمانی کی جلوہ گری ہوئی۔ سوا تین بجے اشرفیہ کے مختلف شعبوں کے ۳۴۳ ؍فارغین کی دستار بندی ہوئی اور ۳۶۱؍ بچوں کو سند اعزاز دی گئی۔ اسٹیج پر دیدہ زیب جبوں میں ملبوس فارغین کا ہجوم الگ سماں پیدا کر رہا تھا۔ کئی نعت خوانوں اور شعرا نے اپنی محبتوں کا نذارانہ پیش کیا، ان میں محترم رجب علی، احمد رضا بلیاوی، مولانا عادل رضا نعیمی، مولانا محمد ضیاء المصطفیٰ مصباحی، قاری رفیق انجم، زم زم حضوری، ڈاکٹر منصور فریدی، مولانا محسن رضا مصباحی، محمد مستقیم، قاری نورالہدیٰ مصباحی، مولانا قسمت سکندر پوری، مولانا قاسم ندیمی، مولانا عادل رضا مصباحی، ندیم سلطان پوری وغیرہ کا نام لیا جاسکتا ہے۔ اخیر میں حضرت سربراہ اعلیٰ نے حاضرین کو نصیحتیں فرمائیں اور اذانِ فجر سے کچھ پہلے اس مجلس کا اختتام ہوا۔ اجلاس میں اساتذۂ اشرفیہ کے علاوہ کثیر تعداد میں فرزندانِ اشرفیہ اور علما ومشایخ شریک رہے۔ دونوں شب اجلاس کی نظامت مولانا محمد قیصر اعظمی نے کی۔ تھانہ مبارک پور ، نگر پالیگا مبارک پور، اشرفیہ انتظانیہ کمیٹی، عرس کمیٹی، اساتذۂ اشرفیہ اور مجلس خیر خواہ کے ممبران کی مشترکہ کوششوں سے دو روزہ سالانہ عرس عزیزی بحسن وخوبی اختتام پذیر ہوا۔

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved