12 November, 2026


تازہ ترین معلومات


۵۲؍ ویں عرس عزیزی کا پہلا نورانی اجلاس

 

”حافظ ملت ایک جوہر شناس عالم ربانی اور مخلص ہمدردِ قوم وداعی اسلام تھے۔“ [علامہ مسعود احمد برکاتی]

(مبارک پور) ”اسلام کے دورِ اول سے آج تک ہر زمانے میں ایسے نمائندہ افراد ملتے ہیں جنھوں نے مختلف جہتوں سے دین متین کا کام کیا اور امت مسلمہ کے داخلی اور خارجی فتنوں کی جڑیں کاٹ دیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی وراثت بعد والوں تک منتقل فرمائی اور ہر خطے میں علوم وفنون کی روشنی پھیلائی، خود بھی راہِ مستقیم پر قائم رہے اور امت مسلمہ کو اسی راہ پر چلنا سکھایا۔ ان میں جلالۃ العلم حافظ ملت علامہ شاہ عبدالعزیز محدث مرادآبادی علیہ الرحمہ کا نام بہت نمایاں ہے۔ جو ایک جوہر شناس عالم ربانی، مخلص ہمدردِ ملت اور پرجوش داعی اسلام تھے۔ انھوں نے مبارک پور میں قدم رکھا تو یہاں بہار آگئی، اہل مبارک پور نے مختلف حیثیتوں سے ان کا تعاون کیا اور الجامعۃ الاشرفیہ جیسی دانش گاہ وجود میں آئی، حافظ ملت علیہ الرحمہ نے ہر میدان کے آدمی پیدا کیے، دعوت وارشاد، تدریس،تصنیف، نصاب سازی، تقریر، مناظرہ، صحافت اور انتظامی امور کے ماہرین کی ایک بڑی تعداد ان کے شاگردوں میں نظر آتی ہے۔ ایک مخلص اور دردمند جانشین بھی اشرفیہ کو عطا فرمایا، حضرت سربراہ اعلیٰ عزیز ملت مد ظلہ العالی نے ان کا ہر خواب شرمندۂ تعبیر کیا اور اشرفیہ کا شمار اسلامی دنیا کے مشہور اداروں میں ہونے لگا۔“

ان خیالات کا اظہار جامعہ اشرفیہ کے موقر استاذ مشہور خطیب علامہ مسعود احمد برکاتی نے باونویں عرس عزیزی کی پہلی نورانی محفل میں کیا، یہ بزم قیام گاہ حافظ ملت پر ۱۱؍ نومبر کی صبح کو منعقد ہوئی، بعد نماز فجر اجتماعی قرآن خوانی ہوئی، پھر جانشین حافظ ملت علامہ شاہ عبدالحفیظ عزیزی کی سرپرستی اور مولانا محمد نعیم الدین عزیزی کی نگرانی میں مختصر مجلس ہوئی جس میں کثیر تعداد میں اساتذہ اشرفیہ، ودیگر علما و مشایخ وحفاظ وقرا اور معززین شہر نے شرکت کی، عوام کا ہجوم قابل دید تھا۔ قاری محمد اشہر مبارک پوری اور حافظ عبدالوکیل چھپراوی نے نعت ومنقبت پیش کی، پھر علامہ مسعود احمد برکاتی کی جامع اور فکر انگیز تقریر ہوئی۔ انھوں نے یہ بھی فرمایا کہ جب ان کے شاگردوں نے ان کے سامنے کسی اہم دینی وعلمی کام کا تذکرہ کیا  کہ یہ کام ہونا چاہیے تو حافظ ملت نے ہر بار انھیں یہی جواب ارشاد فرمایا کہ میں اشرفیہ انہی کاموں کے لیے بنا رہا ہوں۔ تقریباً نو بجےقل شریف، شجرہ خوانی اورسلام ودعا پر یہ مجلس اختتام پذیر ہوئی۔ مولانا محمد نعیم الدین عزیزی نے شجرہ عالیہ قادریہ پڑھا اور جانشین حافظ ملت نے خصوصی دعا فرمائی۔ شرکا میں علامہ نصیرالدین عزیزی، مولانا محمد نعیم اختر مصباحی، مولانا محمد صدرالوریٰ قادری، مولانا نفیس احمد مصباحی، مفتی نسیم احمد مصباحی، مفتی زاہد علی سلامی، مفتی توفیق احسن برکاتی، مولانا عبدالمنان مصباحی، مولانا زبیر احمد سلامی، مولانا قاری شرف الدین مصباحی، مولانا جمال ہاشم مصباحی، حافظ انوار احمد مصباحی، مولانا محمد اشرف مصباحی وغیرہم شامل ہیں۔

بعد نماز ظہر کاشانۂ حافظ ملت سے جلوس عزیزی برآمد ہوا جو اشرفیہ کیمپس میں روضۂ حافظ ملت پر جاکر ختم ہوا۔ اس میں مبارک پور کے عوام وخواص اور مشہور انجمنوں نے نعت ومنقبت کا نذرانہ پیش کرتے شرکت کی اور مزار پاک پر چادر پیش کی گئی۔ اشرفیہ کیمپس میں ہر طرف ایک خاص نظم اور بہتر انتظام دیکھنے کو ملا، نگر پالیکا کی طرف صفائی کا خاص اہتمام دیکھا گیا، مبارک پور کی تھانہ پولیس انتظام اور ماحول پر خاص نظر رکھے ہوئے تھی اور عرس کمیٹی اور اشرفیہ کی انتظامیہ کمیٹی کے متحرک افراد اپنی اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مصروف رہے۔ مجلس خیرخواہ کے ممبران نے نمازوں کا بہتراہتمام کیا۔انھوں نے زائرین عرس کو اچھی طرح گائڈ کیا،” عرس حافظ ملت کا پیغام نماز باجماعت کا اہتمام“ یہ آواز ہر طرف سنائی دیتی رہی۔ عزیز المساجد میں نمازیوں کے ہجوم نے سب کو متاثر کیا۔ دونوں شب اجلاس عام منعقد ہوگا۔اس سال جامعہ اشرفیہ کے مختلف شعبوں سے ۷۰۴بچوں کی فراغت ہونی ہے، جس میں شعبۂ تحقیق فی الحدیث، تحقیق فی الفقہ، تحقیق فی الادب، مشق افتا، فضیلت اور حفظ کے ۳۴۳؍ فارغین کو سند ودستار دی جائے گی، بقیہ کو صرف سند سے نوازا جائے گا۔

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved