مبارک حسین مصباحی
جائس علم و روحانیت اور شعر و ادب کی سر زمین ہے، ہم کو بھی دو تین بار حاضری کی سعادت مل چکی ہے ، حسن اتفاق ایک بار محترم ڈاکٹر حمایت جائسی سے ملاقات ہو گئی۔ حسب عادت ٹوٹ کر ملے ، ہم سب کو بالائی منزل پر لے گئے ، یہ ایک صوفیانہ نشست گاہ تھی جو شاعرانہ رنگ و آہنگ سے آراستہ تھی۔
اس وقت آپ کے ہاتھوں میں ”سیف و سمن“ ہے۔ اس کے مصنف ہر دل عزیز قلم کار ڈاکٹر حمایت جائسی ہیں ۔ کھلے گلاب کی طرح مسکراتا چہرہ ، گورا چٹا رنگ ، نستعلیق بدن اور صاف و شفاف لباس، ملیں تو غموں کا بوجھ اتار دیں دیں اور جدا ہوں تو یادوں کے نقوش چھوڑ جائیں ۔ آپ ایک مذہبی اور علمی خاندان کے فردِ فرید ہیں ۔ آپ نے ”ساغر نظامی حیات اور ادبی خدمات “ کے حوالے سے اپنا تحقیق مقالہ لکھا جو منظرِ عام پر آچکا ہے، 2011 میں آپ کو پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی۔
2014ء سے 2020ء تک روز نامہ راشٹریہ سہارا کے لیے لکھے گئے مضامین اور اداریوں کو بنام ”سیف و سمن “جمع کیا ۔ صحافت بجاے خود ایک حساس اور نازک میدان ہے ، جو حضرات اس رہ گزار سے گزرتے ہیں ،وہ خوب جانتے ہیں کہ یہ کتنی مشکل ڈگر ہے، اگرچہ یہ بھی سچائی ہے کہ اکثر لوگ اس راہ میں بھی سر بازار رسوائیوں کا سامان فراہم کرتے ہیں ان کی نگاہ حصولِ زر اور اہلِ اقتدار کو خوش کرنا ہوتا ہے۔
ڈاکٹر موصوف سنجیدہ اور ذمہ دار قلم کار ہیں۔ آپ کی نگاہ میں حرص و ہوس نہیں بلکہ سچائیوں کا تحفظ رہتا ہے ۔ آپ نے سیاسی، سماجی ، معاشی مسائل پر بڑے فکر و دانش سے اپنی تحریریں سپردِ قلم کی ہیں۔ عنوانات بھی بڑے اچھوتے انداز سے منتخب فرمائے ہیں۔ یوں تو عام طور پر ارباب قلم اپنی فکریں پیش کرتے ہیں ، مگر موصوف حیرت انگیز صلاحیت کے صحافی ہیں ، بات کہنے کا سلیقہ کوئی آپ سے سیکھے ، مشکل ترین مسائل کو بھی اس ڈھنگ سے پیش کر دیتے ہیں کہ سانپ بھی مر جاتا ہے اور لاٹھی بھی نہیں ٹوٹتی ۔
10؍11؍ مئی 2006ء میں تنظیم ابناے اشرفیہ مبارک پور نے بین الاقوامی میڈیا سیمینار منعقد کیا ، مرکزی جنرل سکریٹری ہم خود تھے ۔ ہم نے ہی ملک اور بیرون ملک رابطہ کر کے اہل قلم کو مدعو کیا ۔ اس سیمینار میں ڈاکٹر حمایت حسین جائسی کو بطور خاص مدعو کیا تھا، بفضلہٖ تعالیٰ آپ کی مقالے کے ساتھ جلوہ گری ہوئی تھی ۔ آپ کے فصیح و بلیغ مقالے سے سیمینار پر گہرے اثرات مرتب ہوئے۔
ہم زبانوں کے خالق کی بارگاہ میں ملتجی ہیں کہ اس ”سیف و سمن “ میں بھی قبولیت کی روح پھونک دے۔ قارئین کو اسے حاصل کرنے کی توفیق سے نواز دےاور مصنف کو عمر خضر کی دولت سے سرفراز فرما اور دارین کی ابدی سعادتوں سے ان کا ظاہر و باطن منور فرما دے۔ آمین۔ ◘
Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia
All rights reserved
05462-250092
info@aljamiatulashrafia.org