21 June, 2025


ماہنامہ اشرفیہ


Book: The Monthly Ashrafia Dec 2024 Download:Click Here Views: 10479 Downloads: 572

(4)-سفر نامہ

حضور سربراہِ اعلیٰ صاحب قبلہ

کا سفر برطانیہ

 

محمد محسن آدم حویلی والا

عزیز ملت حضرت علامہ عبد الحفیظ صاحب قبلہ دامت برکاتہ عمرہ کی ادائیگی کرتے ہوئے 18 فروری بروز منگل 2020 کو برطانیہ تشریف لے آئے ، استاذ العلما مفتی اعظم برطانیہ حضرت علامہ شمس الہدی صاحب قبلہ مصباحی بھی تھا مانچسٹر ایئرپورٹ پر کثیر تعداد میں علما و احباب اہل سنت حضرت کے استقبال کے لیے پہنچ چکے تھے راقم الحروف کے علاوہ حضرت مولانا حافظ محمد صاحب مالیگاؤں والے، حضرت علامہ اقبال مصباحی، حضرت علامہ قاری اسماعیل مصباحی، حضرت علامہ نظام الدین مصباحی، حضرت علامہ ارشد مصباحی، حضرت علامہ ابراہیم مصباحی، حضرت  مولانا مقصود مصباحی، حضرت علامہ ابو زہرہ رضوی، حضرت مولانا داؤد نقشبندی، حضرت مولانا کلیم قادری، مولانا فیض الرحمٰن ، حافظ مشتاق و دیگر اسلامی بھائیوں نے حضرت عزیز ملت دام ظلہ العالی کا والہانہ استقبال کیا۔

حضرت علامہ مفتی شمس الہدیٰ صاحب قبلہ نے جملہ احباب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عزیز ملت حضور حافظ ملت کی سچی اور حقیقی یادگار ہیں ۔حضرت علامہ ارشد مصباحی نے اپنے استقبالیہ کلمات میں برطانیہ کے مسلمانوں سے درخواست کی کہ وہ حضرت کی مجالس میں شریک ہو کر خوب علمی و روحانی استفادہ کریں۔

بولٹن میں الحاج شفیق بھائی اسوریہ والا کے گھر آپ کا قیام تھا۔ شفیق بھائی اور ان کی پوری فیملی کو اللہ پاک جزائے خیر عطا فرمائے ان کا گھر ہمیشہ علما و مشائخ اور مدارس اسلامیہ کی خدمت کے لیے کھلا رہتا ہے۔

پورے ملک میں آپ کے پروگرام ہوئے مفتی شمس الہدی صاحب نے جملہ پروگرام ترتیب دیے تھے اور پورے سفر میں مفتی صاحب قبلہ، مفتی نظام الدین صاحب اور راقم الحروف ساتھ ساتھ رہے۔ سب سے پہلا اجلاس 18 فروری 2020 کو غوثیہ مسجد بولٹن میں منعقد ہوا، کثیر تعداد میں علما، قرا، حفاظ اور عوام اہل سنت نے شرکت کی۔ حضرت عزیز ملت نے شاندار ایمان افروز بیان فرمایا۔ سامعین کو دین و ایمان کی حفاظت اور عمل صالح کی تلقین کی۔ اسی جلسہ میں حضرت علامہ اقبال مصباحی صاحب کو حضرت عزیز ملت کے مبارک ہاتھوں حافظ ملت ایوارڈ پیش کیا گیا۔ صلوٰۃ وسلام اور دعا کے ساتھ مجلس ختم ہوئی۔

اس کے علاوہ جن مساجد اور اداروں میں حضرت محافل ہوئیں اس کی تفصیل کچھ یوں ہے:

1- مسجد رضا بلیک برن -2- مسجد غوثیہ بلیک برن -3- مسجد غوثیہ  کیتھلی، جملہ خطاب -4- انوار الحرمین مانچسٹر -5- مسجد نور پریسٹن -6- نور الاسلام بولٹن -7- مرکز سنی دعوت اسلامی بولٹن -8- نورانی مسجد ہیلی فاکس -9- اردو سینٹر علامہ قاری اسماعیل صاحب مصباحی قبلہ کے ادارہ -10-غوثیہ مسجد ڈیوزبری -11- محدث اعظم مشن بولٹن -12- محدث اعظم مشن ڈیوزبری -13- مسجد کنز الایمان ہیک منڈ وائک -14- عثمانی مسجد لیسٹر جملہ خطاب -15- مدنی مسجد اسلامک ایجوکیشن سینٹر بولٹن -16- جامع مسجد تاجدار مدینہ ڈنڈی -17-عباسیہ لندن -18- جامع مسجد ہنزلو لندن -19- جامع مسجد غوثیہ جی،ایم،ٹی لندن -20- جامعۃ المدینہ بریڈ فورڈ -21- کنز الہدی برمنگھم -22- نور ٹی،وی، بانی  پیرعلاء الدین صدیقی صاحب علیہ الرحمہ۔

ہر محفل میں آپ نے وعظ و نصیحت کی، آپ کی گفتگو جامع اور موثر ہوتی ہے ناصحانہ انداز ہوتا ہے۔ سامعین کو اللہ و رسول کی اطاعت و اتباع کی طرف دعوت دیتے ہیں۔

حضرت عزیز ملت دام ظلہ کی پوری زندگی خدمت دین میں گزری الحمد للہ۔ پچھلے 50 سال سے الجامعۃ الاشرفیہ مبارک پوری کی سرپرستی وسربراہی  فرما رہے ہیں حضور حافظ ملت علیہ الرحمہ کے وصال کے بعد اشرفیہ کی تعلیمی و تعمیری ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے برطانیہ میں بھی جہاں تشریف لے گئے اشرفیہ مبارک پور کی افادیت و خدمات کو اجاگر کرنے کی کوشش کی آپ کے تشریف لانے سے ادارے کو خوب فائدہ پہنچا۔

آپ شیخ طریقت بھی ہیں خود سنت کی پیروی کے ساتھ لوگوں کو بھی سنت رسول کے ساتھ منسلک ہونے کی تعلیم و تلقین فرماتے ہیں۔ راقم الحروف کو کم و بیش دو ہفتے آپ کی خدمت میں رہنے کا موقع ملا ،چند اوصاف حسنہ جو میں نے آپ کی ذات گرامی میں محسوس کیے قارئین کی خدمت پیش کرتا ہوں۔

سب سے پہلی چیز جو دیکھی یہ کہ اللہ پاک نے آپ کو غنا کی دولت عطا کی ہے، غنا کا مطلب جو کچھ لوگوں کے پاس ہے اس سے ناامید ہونا۔ یہ محمود وصف ہے اور عند اللہ مطلوب ہے۔

حضرت عزیز ملت قناعت کی نعمت سے مالا مال ہیں۔ لوگوں سے بے نیاز ہو کر زاہدانہ اور در و یشانہ زندگی گزار رہے ہیں نہ کسی سے مال کا لالچ نہ شہرت کی تمنا، اللہ کی تقسیم پر راضی ہیں۔

اس کے علاوہ آپ میں سادگی بہت ہے یہ ایک ایسی خصلت ہے جو ہمارے دین میں مطلوب اور پسندیدہ ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور سلف صالحین نے سادگی کو اختیار فرمایا اور اس کی طرف لوگوں کو دعوت دی۔

حضرت عزیز ملت کی زندگی کے معاملات مثال کے طور پر کھانے پینے ،لباس اور رہن سہن وغیرہا میں بے جا تکلفات اور اسراف سے کوسوں دور ہیں۔آپ میں ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ آپ کم گو اور خاموش طبع ہیں، کام کی بات کرتے ہیں یا سنتے ہیں۔ حسن خاتمہ کے بارے میں ہر وقت فکر مند رہتے ہیں۔

حضرت عزیز ملت بلا شبہہ یادگار اسلاف میں ناچیز کو بلا مطالبہ خلافت و اجازت عطا کی اور اپنی دعاؤں سے نوازا۔

حضرت علامہ نظام الدین مصباحی، علامہ مقصود مصباحی،  علامہ ابراہیم مصباحی، مولانا داؤد صاحب کو بھی خلافت دی۔

7 مارچ 2020 کو حضرت مولانا داؤد صاحب قبلہ ڈیوزبری کے گھر سے ہندوستان کے لیے روانہ ہوئے۔

اللہ پاک حضرت عزیز ملت کو صحت و عافیت کے ساتھ لمبی زندگی عطا فرمائے آپ کے فیوض و برکات سے عالم اسلام کو مستفیض فرمائے۔ آمین۔

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved