29 April, 2024


Shareh Bukhari Dar-ul-Ifta Al Jamiat-ul-Ashrafia, Mubarakpur Azamgarh U.P India


عرض یہ ہے کہ زید نے اپنی زوجہ کو بوجہ زناکار ہونے کے عرصہ بیس سال سے زیادہ ہوتا ہے تین طلاق دے دیا ہے اور اس وقت سے آج تک زوجہ مطلقہ سے کوئی طرح کا لگاؤ نہیں رکھا۔ اب بیس برس سے زیادہ عرصہ گزرنے پر وہ عورت کہتی ہے کہ ہم کو طلاق نہیں دی ہے۔ زید کا اقرار ہے کہ پانچ آدمیوں کے سامنے میں نے طلاق دی ہے۔ دریافت طلب بات یہ ہے کہ زنا کاری کی صورت میں طلاق پانے پر وہ عورت عرصہ بیس سال کے بعد اپنے دین مہر کی حق دار ہو سکتی ہے یا نہیں ؟ نوٹ:پانچ گواہ جب تک موجود تھے تب تک کسی طرح کا اس نے سوال نہیں کیا، جب وہ پانچوں گواہ دنیا سے رخصت ہو گئے تب وہ عورت طلاق سے انکار کرتی ہے ۔ حضور اس سوال کا جواب سند و مہر کے ساتھ بھیجیں ، بندہ حضور کا تہِ دل سے شکر گزار ہوگا۔ فقط

Fatwa #1080

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم- الجواب ـــــــــــــــــــــــ: و باللہ التوفیق صورتِ مسئولہ میں طلاق واقع ہو گئی۔ اب اگر زید نے اپنی زوجہ سے وطی یا خلوت صحیحہ کرنے کے بعد کسی وجہ سے بھی طلاق دی ہے تو زید کے ذمہ کل مہر موکد ہو جائے گا کہ جو مہر مقرر تھا ، اس میں کمی نہیں ہو سکتی۔ زید کو کل مہر ادا کرنا ضروری ہے ، چاہے جب بھی ادا کرے۔ بیس سال کے بعد یا اس سے بھی زیادہ۔ بغیر ادا کیے زید کے ذمہ سے مہر ساقط نہ ہوگا۔ ہاں اگر زوجہ نے کل یا جز معاف کر دیا تو معاف ہو جائے گا ۔ فتاویٰ عالم گیری میں ہے: المہر یتأکد بأحد معان ثلثۃ الدخول والخلوۃ الصحیحۃ و موت أحد الزوجین سواء کان مسمی او مہر المثل حتی لا یسقط منہ شي بعد ذلک الا بالإبراء من صاحب الحق. یعنی مہر تین باتوں میں سے ایک کے ہونے پر موکد ہو جاتا ہے۔ وہ یہ ہے کہ وطی، خلوت صحیحہ، شوہر یا زوجہ کا مر جانا، یہاں تک کہ بعد اس کے مہر میں سے کچھ ساقط نہیں ہوگا مگر صاحب حق کے معاف کرنے سے۔ اگر زیدنے وطی یا خلوت صحیحہ نہیں کی اور اس کی زوجہ سے ایسے شخص نے زنا کیا ہے جس سے نکاح ٹوٹ جاتا ہے ، جیسے زید کا باپ یا بیٹا تو اب زید کے طلاق دینے سے زید کے ذمہ نصف مہر لازم ہوگا اور اگر اس کی زوجہ نے ایسے شخص سے زنا کیا ہے جس سے نکاح ٹوٹ جاتا ہے اور زید نے ابھی تک خلوتِ صحیحہ یا وطی نہیں کی ہے تو اب اس صورت میں مہر نہیں ۔ إذا کانت الفرقۃ قبل الدخول من قبلھا عاد الیہ الکل۔ اگر خلوتِ صحیحہ یا دخول سے قبل عورت کی طرف سے فرقت ہو تو شوہر کل مہر واپس لے لے گا۔ و ھو تعالیٰ اعلم۔(فتاوی حافظ ملت)

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved