29 March, 2024


تازہ ترین معلومات


سالانہ عرس عزیزی مبارک پور ،اعظم گڑھ کا پہلا دن

 

 

۱۷؍ فروری سنیچر جلالۃ العلم علامہ شاہ عبدالعزیز محدث مرادآبادی ثم مبارک پوری علیہ الرحمہ کے ۴۳؍ویں عرس پاک کاآغاز قیام گاہِ حافظ ملت پر منعقدہ ایک نورانی محفل پاک سے ہوا ، قرآن خوانی ہوئی ، جس میں اہل مبارک پور ، اساتذہ و طلبہ ٔجامعہ اشرفیہ ، باہر سے تشریف لائے علما و معتقدین و فارغین اشرفیہ شریک تھے ،یہ عرس کی پہلی نورانی تقریب تھی ،جو جانشین حافظ ملت و سربراہ اعلیٰ جامعہ اشرفیہ کی سربراہی میں منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد مشہور نعت خواں قاری اشہر مبارک پوری ، غلام محمد ، سری لنکا اور عبدالسلام صاحبان نے نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کیا ، پھر ممتاز خطیب علامہ مسعود احمد برکاتی ، استاذ جامعہ اشرفیہ کا تاریخی خطاب ہوا ، جس میں انھوں نے صاحب عرس کی حیات و افکار ، عزائم واہداف اور اقوال زریں کی معنویت پر روشنی ڈالی اور جامعہ اشرفیہ کے لیے ان کی تگ و دو کو تفصیل سے بیان کیا ، آپ نے فرمایا کہ ’’ اس سلسلے میں اہل مبارک پور کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ، حافظ ملت نے انھیں نوازا اور انھوں نے جامعہ اشرفیہ اور خدمت علم دین کے لیے دل کو دریا بناڈالا۔ ان کے وصال کے بعد پوری دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ قبلہ حضور عزیز ملت دام ظلہ جامعہ اشرفیہ کی سربراہی فرمارہے ہیں اور آج یہ ادارہ پوری دنیا میں اپنی دینی ، علمی ، تدریسی ، قلمی ، تحقیقی ، نصابی اور انتظامی خدمات کی بنا پر شہرت رکھتا ہے اور اس کے فضلا دینی وعصری اداروں میں اہم عہدوں پر فائز ہیں اور قوم و ملت کا سر بلند کر رہے ہیں ۔‘‘ بعد نماز ظہر قیام گاہِ حافظِ ملت سے چادر کا جلوس برآمد ہوا جس میں ہزاروں معتقدین نے شرکت کی اور انجمنوں نے مناقب وسلام پیش کیے ۔ عرس عزیزی ملک ہند میں منعقد ہونے اعراس میں کئی اعتبار سے منفرد ہے ، نمازوں کی پابندی ، ڈسیپلن ، علمی و روحانی رونق ، علما و مشائخ کی شرکت ، صفائی کا خیال ، مہمان نوازی ، دونوں شب کے اجلاس میں خطبا و مشائخ کی تقریریں ، حضور شیخ الجامعہ کی سوال وجواب کی محفل وغیرہ ، انتظامیہ کمیٹی کی کوششیں ، مبارک پور نگر پالیکا کے ذمہ داران اور صفائی ملازمین کی محنتیں ،طلبہ تنظیم مجلس خیر خواہ کے ممبران کا کام سب کچھ قابل تعریف ہے ۔ ہندستان میں جو کتاب میلے لگتے ہیں عرس عزیزی کا کتاب میلہ ان میں ایک الگ شان رکھتا ہے ، اس سال عرس میں تقریباً پچاس مکتبوں اور ناشرین نے اسٹال لگائے ہیں ، جہاں شائقین کا اذحام ہیں ،دودرجن کے قریب طلبہ جامعہ کی نئی تالیفات و تراجم طبع ہوکر منظر عام پر آئے ہیں ، مجلس خیر خواہ اور عرس کمیٹی نے جگہ جگہ حافظ ملت علیہ الرحمہ کے اقوال زریں اور نمازوں و اخلاقیات سے متعلق الگ الگ بینرس چسپاں کیے ہیں اور زائرین عرس کو اچھا پیغام دیا ہے ، جماعت ثانیہ نے اردو ہندی میں ایک پمفلیٹ شائع کیا ہے جو قوم و ملت کے اہم مسائل میں ان کی رہنمائی کرتا ہے ،عرس عزیزی کو دیکھ کر شرعی حدود میں رہ کر منعقد کی جانے والی محافل کی یاد تازہ ہوجاتی ہے ، یہاں علم شریعت کو محض کتابوں میں پڑھایا نہیں جاتا بلکہ اس کے عملی مظاہر عرس میں ملاحظہ کیے جاسکتے ہیں ۔ مبارک پور پولیس بھی چوکسی برت رہی ہے ، سرکاری اہلکار بھی مستعد ہیں ، ڈاکٹرس کی ٹیمیں ہیں ، انتظامیہ کی نگرانی ہے ۔ آج ہی شب میں پہلا اجلاس ہوگا اور کل کی شب میں آخری اجلاس ، قل شریف اور مختلف شعبوں کے فارغین میں ۲۴۸؍ کو دستارو سند اور ۳۴۲؍ کو سند ِمولویت ، عالمیت اور قرات سے نوازا جائے گا ۔

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved