29 March, 2024


تازہ ترین معلومات


جامعہ اشرفیہ میں منعقدہ مجلس شرعی کا سہ روزہ چوبیسواںفقہی سمینار بحسن و خوبی اختتام پذیر

جامعہ اشرفیہ میں منعقدہ مجلس شرعی کا سہ روزہ چوبیسواںفقہی سمینار بحسن و خوبی اختتام پذیر

مبارک پور،اعظم گڑھ(نامہ نگار)مجلس شرعی جامعہ اشرفیہ مبارک پور کے چوبیسویں فقہی سمینار کی تیسری نشست ۸ ؍ نومبر بعد نماز مغرب تلاوت قرآن کریم و نعت پاک سے شروع ہوئی جس کی صدارت رئیس التحریر علامہ یٰسین اختر مصباحی ، دارالقلم دہلی فرما رہے تھے ،اس نشست کی نظامت بھی ناظم مجلس شرعی مفتی محمد نظام الدین رضوی نے فرمائی ۔ صبح کی نشست میں ’’بینک اکاؤنٹ میں رقوم کا اندراج قبضہ ہے یا نہیں؟ ‘‘ کا متفقہ فیصلہ یہ آیا کہ بینک اکاؤ نٹ میں رقوم کا اندراج نہ قبضۂ حقیقی ہے ،نہ حکمی ، نہ عرفی۔ اس لیے اصل مذہبِ حنفی کی بنیاد پر بینک اکاؤنٹ میں رقم کا اندراج قبضہ نہیں ، لیکن حالات زمانہ کے لحاظ سے اب مختلف معاملات میں یہ اندراج قبضہ مانا جاتا ہے،آن لائن کاروبار ہو یا قرض کی ادایگی کا نظام شروع ہوچکا ہے اور لوگ قبضہ اور ملکیت کے لیے یہ اندراج کافی سمجھتے ہیں ،کیش لیس نظام کو بھی مثال میں پیش کیا جاسکتا ہے، اس لیے رواجِ عام اور قانون و حاجت ِشرعی کی بنا پر استحساناً بینک اکاؤنٹ میں رقم کا اندراج قبض بالید کے قائم مقام ہوجائے گا ۔آن لائن کسی چیز کو خرید نے کے بعد اس میں تصرف مالکانہ پر قدرت مل جاتی ہے اس لیے یہاں مبیع ’’حکماًمقبوض‘‘ ہے اور ایسی بیع بھی جائز ہے ۔تیسری نشست میں دو موضوعات زیر بحث تھے : (۱)ای کامرس اور بین الاقوامی تجارت کا شرعی حکم (۲)انتفاع کی شرط کے ساتھ دکان ، مکان و غیرہ کا رہن : شرعی نقطہ نظر سے ۔ ان دونوں مسائل پر گرماگرم بحثیں ہوئیں اور طویل مذاکراتی گفتگو کے بعد مندوبین کا متفقہ فیصلہ تحریر کر لیا گیا ۔اس کے مطابق  ’’محض کاروبار کو وسعت دینے کی غرض سے انتفاع کی شرط کے ساتھ قرض لینا ، دینا سود ہے جو ناجائز و حرام ہے ،لیکن مجبوری یا ضرورت کے پیش نظر محتاج کے لیے نفع کی شرط پر قرض لینا جائز ہے ۔‘‘ 

سمینار کی چوتھی اور آخری نشست کا آغار۹؍ نومبر صبح ساڑھے آٹھ بجے قاری صداقت رضا کی تلاوت اورکمال احمدکی نعت پاک سے ہوا،یہ نشست خیر الاذکیا علامہ محمد احمد مصباحی کی صدارت میں منعقد ہوئی اور اس میں ’’مٹیریل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے ساتھ تعمیر کا ٹھیکہ ‘‘ جیسا ایک اہم موضوع زیر بحث رہا ،تلخیص مولانا دستگیر عالم مصباحی نے پڑھ کر سنائی ۔ کافی بحث و تمحیص کے بعد بھی مندوبین کرام کسی نتیجے تک نہ پہنچ سکے اور ٹائم مکمل ہوگیا ۔اس نشست کی نظامت مولانا مسعود احمد برکاتی نے فرمائی ۔ مفتی محمدناصر مصباحی نے منظور شدہ فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ مفتی منظور احمد مصباحی سلطان پور ، مفتی عبدالمنان کلیمی مرادآبادی اور علامہ یٰسین اختر مصباحی دہلی نے اپنے گراں قدر تاثرات پیش کیے اور قوم و ملت کے پیچیدہ مسائل کے حل کے سلسلے میں مجلس شرعی کی خدمات کو سراہا۔اخیر میں سرپرست مجلس شرعی علامہ عبدالحفیظ عزیزی نے جملہ مندوبین و شرکا کا شکریہ ادا کیا ۔اس کے بعد صلاۃ وسلام اور علامہ محمد احمد مصباحی کی دعا پر سمینار کا اختتام ہوا۔

اس نشست میں خصوصیت کے ساتھ عالم باعمل علامہ نصیر الدین عزیزی ،علامہ عبدالمبین نعمانی ، مولانا مسیح احمد قادری ، مفتی آل مصطفے مصباحی ،مولانا عارف اللہ فیضی ، مولانااحمد رضا مصباحی، مولانا صدرالوریٰ قادری ، مفتی معراج القادری ، مفتی بدرعالم مصباحی ،مولانا ناظم علی مصباحی، مولانا مبارک حسین مصباحی ، مولانا نفیس احمد مصباحی ، مفتی نسیم احمد مصباحی ،مولانا نعیم الدین عزیزی، مولانا زاہد علی سلامی ، مولانا اختر کمال قادری ، مفتی محمود مشاہدی ، مفتی ناصر مصباحی ،مولانا ساجد علی مصباحی ، مولانا اختر حسین فیضی ، مولانا حسیب اختر مصباحی ، مولانا عرفان عالم مصباحی ، ماسٹر فیاض احمد عزیزی، محمد افسر کلکتوی وغیرہ سمیت کثیر تعداد میں علما، مفتیان کرام و طلبہ شریک رہے ۔  

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved