29 March, 2024


تازہ ترین معلومات


بینک گارنٹی لیٹر شرعاً عقد کفالہ مع اجارہ ہے اورایسا کرنا جائزہے

بینک گارنٹی لیٹر شرعاً عقد کفالہ مع اجارہ ہے اورایسا کرنا جائزہے

مجلس شرعی جامعہ اشرفیہ مبارک پور کا چوبیسواں فقہی سمینار جامعہ اشرفیہ کے سمینار ہال میں۷؍نومبر ۲۰۱۷ء کی شام سے جاری ہے اور بڑی تیزی کے ساتھ کامیابی کی طرف بڑھ رہا ہے ،ہندوپاک کے باذوق اہل اسلام شدت سے اس سمینار کے فیصلوں کا انتظار کرتے ہیں ۔اس سمینار میں اساتذہ اشرفیہ کے علاوہ ملک بھر سے پچاس کے قریب مفتیان کرام و ارباب تحقیق و افتاشریک ہیں اور پانچ موضوعات زیر بحث ہیں ۔ بدھ کی شب میں ایک انتہائی اہم مسئلہ ’’بینک گارنٹی لیٹر: شرعی نقطہ نظر سے ‘‘ بحث و مذاکرہ کا موضوع رہا اور کئی گھنٹے کی مسلسل بحث وتمحیص کے بعد تقریباً گیارہ بجے شب میں شرکاے سمینار کے اتفاق رائے سے فیصلہ تحریر کر لیا گیا ۔ کسی بڑی کمپنی سے خرید و فروخت یا کوئی بڑا ٹھیکہ لینے کے لیے تاجروں کو بینک گارنٹی لیٹر کی ضرورت پڑتی ہے ، سوال یہ تھا کہ اس کی شرعی حیثیت کیا ہے ؟ اور اس لیٹر کو بنیاد بنا کر کوئی سامان خریدنا یا ٹھیکہ لینا شرعاً کیا حکم رکھتا ہے ؟ ،اس سلسلے میں بحث و تمحیص کے بعد مندوبین کرام کا اس بات پر اتفاق ہوا کہ یہ’’ عقد کفالت ‘‘ بلفظ دیگر ’’عقد ضمانت‘‘ ہے ، جس میں درخواست دہندہ مکفول عنہ اور مطلوب ہوتا ہے ، بینک کفیل ہوتا ہے اور مکفول لہ وہ شخص یا کمپنی ہوتی ہے جس سے بینک گارنٹی لیٹر رکھنے والا (بی جی ہولڈر) آئندہ معاملہ کرے گا ۔ لیکن یہاں کفیل یعنی بینک بی جی ہولڈر سے ایک مقررہ فیس بھی وصول کرتا ہے جو عقد کفالہ کے مزاج کے خلاف ہے اس لیے یہ کفالہ فاسد ہوگا کیوں کہ وہ رقم یا تو رشوت ہے یا رِبا ۔ اس کے جواب میں یہ اتفاق ہوا کہ بینک یہاں کفالہ کے ساتھ ضمناً اجارہ بھی کر رہا ہے اور وہ رقم و عوض سروس چارج کی شکل میں وصول کرتا ہے ، اس لیے اسے عقد کفالہ مع اجارہ قرار دینے اور اس کے جواز پر مندوبین کا اتفاق ہوا-۸؍ نومبر کی صبح آٹھ تاایک بجے کی نشست میں دو مسائل زیر بحث رہے : (۱) بینک اکاؤنٹ میں رقوم کا اندراج قبضہ ہے یا نہیں ؟ (۲) ای کامرس اور آن لائن بین الاقوامی تجارت شرعی نقطہ نظر سے - پہلا موضوع فائنل کرکے متفقہ طور پرفیصل ہوچکا ہے اور تیسرے پر مذاکرہ جا ری ہے، امید ہے کہ شب کی نشست میں وہ بھی فیصل ہوجائے گا ۔ سمینار کے شرکا کی آزادانہ بحثیں اور بغیر کسی دباؤ کے بحث میں حصہ داری لائق تحسین ہے اور یہ مجلس شرعی کا امتیاز ہے ۔ صبح کی یہ نشست حضرت مولانا عبدالمبین نعمانی چریاکوٹی کی صدارت میں مکمل ہوئی ۔اہم شرکا میں قاضی شہید عالم رضوی ، بریلی شریف ، مفتی عبد المنان کلیمی ، مرادآباد ، مفتی منظور احمد سلطان پور ، مفتی ابرار امجدی ، بستی ، مفتی الیاس مصباحی ، بسکھاری ، مولانا خالد ایوب مصباحی ، راجستھا ن ، مولانا عبد الغفار اعظمی ، خیر آباد ، مولانا انور نظامی ، ہزاری باغ ، مفتی محمد صادق ، مہراج گنج ، مولانا رفیق عالم رضوی ، بریلی شریف اور مولانا محمد نظام الدین ، جمداشاہی شامل ہیں ۔ بعد مغرب سمینار کی چوتھی نشست کا آغاز ہوچکا ہے ۔         

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved