28 March, 2024


تازہ ترین معلومات


۷؍ نومبر ۲۰۱۷ئ، منگل بعد نماز مغرب مجلس شرعی ، جامعہ اشرفیہ مبارک پور ، اعظم گڑھ کا چوبیسویں فقہی سمینار اپنی تمام تر امتیازی شان کے ساتھ شروع ہو چکا ہے

۷؍ نومبر ۲۰۱۷ئ، منگل بعد نماز مغرب مجلس شرعی ، جامعہ اشرفیہ مبارک پور ، اعظم گڑھ کا چوبیسویں فقہی سمینار اپنی تمام تر امتیازی شان کے ساتھ شروع ہو چکا ہے، جس میں ہندستان بھر سے منتخب محققین ،فقہ و افتا کے ماہرین واربابِ فکر وتدبر شرکت فرما رہے ہیں ۔یہ فقہی سمینار بر صغیر ہندوپاک کا نمائندہ اور قابل اعتماد سمینار مانا جاتا ہے اور اس کے متفقہ فیصلے قابل عمل ہوتے ہیں ۔ امت مسلمہ کو پیش آنے والے لاینحل مسائل کا شافی حل تلاش کرنا اس کا مقصد ہے جس میں مجلس شرعی تقریباًربع صدی سے کامیاب نظر آتی ہے۔ اس سال یہ سمینار چار نشستوں پر مشتمل ہے اور پانچ مسائل و موضوعات زیر بحث ہیں :(۱) بینک گارنٹی لیٹر : شرعی نقطۂ نظر سے (۲) بینک اکاؤنٹ میں رقوم کا اندراج قبضہ ہے یا نہیں ؟ (۳)ای کامرس اور آن لائن بین الاقوامی :تجارت شرعی نقطۂ نظر سے (۴)مٹیرل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے ساتھ تعمیر کا ٹھیکہ (۵) انتفاع کی شرط کے ساتھ دکان ، مکان وغیرہ کارہن شرعی نقطۂ نظر سے -یہ سمینار۹؍ نومبر کی دوپہر کو اختتام پذیر ہوگا-سبھی نشستوں کی سرپرستی جامعہ کے سربراہ اعلیٰ علامہ عبدالحفیظ عزیزی ، صدارت  خیر الاذکیائعلامہ محمد احمد مصباحی [صدر مجلس شرعی]اور نظامت ناظم مجلس مفتی محمد نظام الدین رضوی فرمارہے ہیں -

پہلی نشست کا آغاز قاری محمد تنویر رضا کی تلاوت اورحافظ غلام محمد کی نعت پاک سے ہوا ،اس نشست کی صدارت سربراہ اعلیٰ جامعہ اشرفیہ و سرپرست مجلس شرعی فرمارہے تھے ، آپ نے خطبہ استقبالیہ بھی پیش فرمایا  اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا ، اس کے بعد صدر مجلس شرعی علامہ محمد احمد مصباحی نے خطبہ صدارت پیش فرمایا ۔ اس کے بعد اس موضوع سے متعلق مقالات کی تلخیص پیش ہوئی اور پہلا موضوع بینک گارنٹی لیٹر : شرعی نقطہ نظر سے زیر بحث رہا ، مندوبین سمینار نے بحث و مذاکرہ میں بھرپور حصہ داری نبھائی ، ان کا دقیق مطالعہ ، بھر پور مذاکرہ ، آزادانہ اختلاف رائے اور متفقہ نتیجے پر پہنچنا لائق دید تھا، خبر لکھے جانے تک پہلے موضوع پر بحث جاری تھی ، امید ہے کہ بہت جلد یہ بحث نتیجہ خیز ثابت ہوگی اور متفقہ فیصلہ سامنے آئے گا۔کل صبح دوسری نشست ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگی ۔ اس سمینار میں اساتذہ اشرفیہ کے علاوہ پچاس کے قریب مندوبین شریک ہیں ۔ اہم شرکا میں علامہ یٰسین اختر مصباحی ، دہلی ، مفتی عبدالرحیم کبری ، راجستھان ، مولانا عبدالمین نعمانی ، چریا کوٹ ، مولانا محمد صلاح الدین ، جمشیدپور ، مفتی ایاز مصباحی ، پونہ ، مفتی معین الدین ، فیض آباد ، مفتی انفاس الحسن چشتی ، پھپھوند شریف ، مفتی آل مصطفی ، گھوسی ، مفتی شیر محمد ، لکھنؤ ، مولانا محمد اسلم ، بنگلور ، مفتی مبشر رضا ازہر ، بھیونڈی ، مفتی محمدصادق مصباحی ، مہراج گنج ، مولانا محمد ابراہیم ، کشمیر کے اسما قابل ذکر ہیں ۔

؍ 

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved