29 March, 2024


تازہ ترین معلومات


مجلس شرعی جامعہ اشرفیہ ، مبارک پورکا ۲۵واں فقہی سیمینار

مجلس شرعی جامعہ اشرفیہ ، مبارک پورکا ۲۵واں فقہی سیمینار حسب اعلان ۲۷؍ نومبر ۲۰۱۸ئ، منگل کو منعقد ہوا ، جس کی پہلی نشست صبح ساڑھے آٹھ بجے قاری محمد اطہر مبارک پوری کی تلاوت قرآن سے شروع ہوئی ، اس کے بعد حافظ محمد نصیر الدین قادری نے نعت پاک پیش کی ۔اس نشست کی صدارت حضرت علامہ محمد احمد مصباحی صدر مجلس شرعی و ناظم تعلیمات جامعہ اشرفیہ نے فرمائی اور اپنا طویل تحریری خطبہ ٔصدارت بھی پیش فرمایا ، خطبہ ٔصدارت میں احوال زمانہ پر فکر انگیز نکات اور مجلس شرعی کے پچیس سالہ سفر تحقیق کی کامیاب داستان موجودہے ،امام احمد رضا قادری کے صد سالہ عرس پاک کی مناسبت سے ان کی بارگاہ میں منفرد خراج عقیدت بھی ہے اور مجلس شرعی کی علمی ، قلمی اور مالی معاونت کرنے والے احباب کی جناب میں ہدیہ سپاس بھی ہے ۔ جامعہ کے استاذ مولانا توفیق احسن ؔ برکاتی نے خطبہ صدارت حاضرین کے سامنے پڑھ کر سنایا ۔ پہلا موضوع تھا: فاریکس ٹریڈنگ کی شرعی حیثیت ،اس کا سوال نامہ مولانا محمد حسیب اختر مصباحی نے تیار کیا تھا ۔ تلخیص نگار مولانا محمد ہارون مصباحی نے بحث کے آغاز میں ۱۲؍ صفحے کی تلخیص پیش کی اور مندوبین کے روبرو سات تنقیحی سوالات پیش کیے ۔ اس نشست کی نظامت مولانا مسعود احمد برکاتی استاذ جامعہ اشرفیہ کی بہتر ین انداز میں کی اور مندوبین محققین و علما و مفتیان کرام کی بحثیں نتیجہ خیز ثابت ہوئیں ۔جن کا حاصل یہ ہے کہ آن لائن فاریکس ٹریڈنگ تین طرح کا کاروبار ہے : پہلا- ایک ملک کی کرنسی کی بیع دوسرے ملک کی کرنسی سے، دوسرا- ایک ملک کے سونے کی بیع دوسرے ملک کی کرنسی سے اور تیسرا -ایک ملک کے تیل کی بیع دوسرے ملک کی کرنسی سے ۔ اس اہم موضوع پر کئی گھنٹہ علما ومحققین کی بحثیں جاری رہیں ، تقریباً ایک بجے ایک متفقہ فیصلہ سامنے آیا کہ اس طرح کا آن لائن بزنس عام طور پر سخت خسارہ ومالی نقصان کا ذریعہ ہے اور اس تجارت کے ماہرین بھی بسا اوقات اپنی کل جمع پونجی ڈبو دیتے ہیں اور ان کا پورا سرمایہ برباد  ہوجاتا ہے اور اس ملک میں یہ کاروبار غیر قانونی بھی ہے ،لہٰذا ان کے لیے بھی یہاں اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ ناظم مجلس شرعی مفتی محمد نظام الدین رضوی نے تفصیلات بتاتے ہوئے فرمایا کہ الحمد للہ مجلس شرعی کی یہ نشست کامیاب رہی اور ہم ایک اچھے نتیجے تک پہنچ سکے ۔ان شاء اللہ جلد ہی سیمینار کے فیصلوں کا مکمل متن عوام کی خدمت میں پیش کردیا جائے گا ۔

Copyright @ 2017. Al Jamiatul Ashrafia

All rights reserved